ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایم ایل اے کے ہاتھوں رابطہ سوسائٹی کے کلین بھٹکل اورسیف بھٹکل مہم کا آغاز

ایم ایل اے کے ہاتھوں رابطہ سوسائٹی کے کلین بھٹکل اورسیف بھٹکل مہم کا آغاز

Fri, 05 Aug 2016 02:26:24    S.O. News Service

بھٹکل 4اگست (ایس او نیوز) بھٹکل حلقہ اسمبلی کے ایم ایل اے مسٹر منکال ویدیا کے ہاتھوں رابطہ سوسائٹی کے اہم اور بامقصد 'کلین بھٹکل ۔ سیف بھٹکل'منصوبے کا آغاز انجمن ہائی اسکول گراونڈ میں منعقدہ عوامی جلسے کے دوران کیا گیا ۔جلسے کا آغاز مولانا ارشاد افریقہ کی تلاوت اور جناب رضامانوی کے کنڑا ترجمے سے ہوا۔جبکہ تنظیم کے صدر جناب قاضیا مزمل نے استقبالیہ خطاب کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے مسٹر ویدیا نے کہا کہ ماحول کو پاک وصاف رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ یہ بات ہر شہری کو سمجھ لینا چاہیے ۔ اور اپنے آس پاس کے ماحول کو پاک و صاف بنائے رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ رابطہ سوسائٹی کی جانب سے بھٹکل کوسڑک حادثات اورگندگی سے پاک صاف ستھرا بنانے کا جو منصوبہ ہے اس میں ہم سب کو ہاتھ بٹاناہوگا۔انسانی جان کی کوئی قیمت لگائی نہیں جاسکتی ۔ ایسی ایک بیش قیمت چیزیعنی زندگی کی حفاظت کرنا ہم سب کا فرض ہے۔اور کہا کہ غیر محفوظ اور بے پروا ڈرائیونگ سے زندگی کے لئے خطرناک نتائج رونماہوتے ہیں۔اس لئے اس ضمن میں محتاط رہنا ضروری ہے۔

اس جلسے کی صدارت کرتے ہوئے قائد قوم جناب ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل الرحمن نے کہا کہ غیر رہائشی ہندوستانی (این آر آئیز) بیرون ممالک کے صاف ستھرے ماحول میں رہ کر جب یہاں مادروطن واپس لوٹتے ہیں تو جہاں دیکھو کچرے اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیر سے ان کا سامنا ہوتا ہے۔اس سے بہت ہی زیادہ کوفت ہوتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ حالانکہ اسلام نے پاکی اور صفائی کو بہت ہی زیادہ اہمیت دی ہے ، مگر ہم لوگ اسے کیوں بھول بیٹھے ہیں؟جس جگہ کچرا نہ پھینکنے کی ہدایت کا بورڈ لگا ہوتا ہے وہیں پر زیادہ ترپلاسٹک کی تھیلیوں میں بھرا ہواکچرے کا ڈھیر ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔اگر اس صورتحال کو بدلنا ہے تو ہر ایک کو چاہیے کہ پہلے وہ خود کو بدلے۔اپنا طرز زندگی بدلے۔

اس جلسے کے حاضرین سے مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی، تنظیم کے نائب صدرعنایت اللہ شاہ بندری اور نائب صدر بلدیہ ڈاکٹر سید سلیم نے بھی خطاب کیا۔ رابطہ کے سکریٹری جنرل جناب محی الدین رکن الدین نے کلین بھٹکل ، سیف بھٹکل منصوبے کی تفصیلات پیش کیں۔ نظامت اور ہدیہ تشکر کے فرائض جناب معاذ شاہ بندری نے انجام دئے۔

اسٹیج پرجماعت المسلمین کے چیف قاضی مولانا محمد اقبال ملا صاحب ندوی، جالی پنچایت کے رکن عبدالرحیم، تنظیم کے جنرل سکریٹری الطاف کھروری ،شریدھر نائک، پرمیشور نائک وغیرہ موجود تھے۔
 


Share: